ڈیرہ اسماعیل خان میں ضلعی انتظامیہ نے محرم الحرام کےسیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی ۔

محرم الحرام کےدوران سیکیورٹی پلان کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے اکتیس اسلحہ کی دکانوں کو سیل کرکے پچپن حساس مقامات پر خفیہ کیمرے نصب کر دیئے ہیں جبکہ ایگل سکواڈ اور پولیس وینز چوبیس گھنٹے گشت کریں گی۔ محرم میں امن و امان بحال رکھنے کیلئے ضلع بھر میں پانچ ہزار ایف سی اور پولیس اہلکار تعینات رہیں گے اور سرکلر روڈ سمیت تمام اہم مقامات پر فوج تعینات ہوگی جبکہ اب شام چھ سے صبح سات بجے کے درمیان اور سات محرم سے مکمل طور پر موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ نویں اور دسویں محرم کو ایمرجنسی نافذ کر دی جائے گی۔ محرم الحرام کےدوران ہسپتالوں میں بھی ایمبولینس سروس سمیت ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈیرہ اسمائیل خان میں ترانوے لائسنس شدہ جلوس نکالے جائیں گے جو اپنے روایتی راستوں سے کوٹلی امام حسین میں اختتام پذیر ہوں گے۔ ضلع میں سیکیورٹی کے حوالے سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی نے شہر کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ سے تفصیلی آگہی حاصل کی۔ اس سلسلے میں کمشنر ڈیرہ اسمائیل خان سردار عباس خان ، ڈپٹی کمشنر خان بخش مروت اور ڈی پی او نے بھی ضلع بھرمیں سیکیورٹی کا جائزہ لیا جبکہ معززین علاقہ سے مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن