اسلام آباد (این این آئی) خفیہ اداروں نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں جیل اصلاحات پر عمل درآمد نہ ہونے سے نہ صرف سنگین جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ جیل کے اندر بھی غیر اخلاقی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ان اصلاحات میں ایک بات یہ بھی رکھی گئی تھی کہ معمولی جرائم میں ملوث افراد کو جرائم پیشہ اور شدت پسندی کی وارداتوں میں ملوث افراد کے ساتھ نہیں رکھا جائے گا۔ جیلوں کا دورہ کرنے کے بارے میں بھی کہا گیا تھا لیکن اس پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔وزارتِ داخلہ کے ذرائع نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ اس فیصلے میں عدالت نے حکومت اور متعلقہ حکام سے قیدیوں کو ان کی بیویوں سے علیحدگی میں ملاقات کے لیے انتظامات کیلئے کہا تھا۔