زرداری کا ڈاکو راج اور ترقی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے: حمزہ شہباز

لاہور + پتوکی (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) پاکستان کی ترقی اور زرداری کا ڈاکو راج ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ آصف زرداری کو عوام کے خون پسینے کے اربوں ڈالر سوئس اکاﺅنٹس میں منتقل کرنے کا حساب دینا ہو گا۔ پاکستان میں لوڈشیڈنگ، بیروزگاری، کرپشن اور مہنگائی کے خاتمے کے لئے اسلام آباد میں بیٹھے غاصب حکمرانوں کا بوریا بستر گول کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان ،کراچی، وانا اور وزیرستان میں پاکستان جل رہا ہے اور حکمران چین کی بنسی بجا رہے ہیں۔ ٹارگٹ کلنگ اور ڈرون حملوں میں ہر روز پاکستانیوں کا خون بہتا ہے مگر بے حس حکمران ان مسائل کا حل نکالنے کی بجائے غیر ملکی انڈر سیکرٹری کے پاﺅں دبانے میں مصروف رہتے ہیں۔ پاکستان کے نوجوان تعلیم حاصل کرنے کے بعد آنکھوں میں باعزت نوکری کے خواب سجائے دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں مگر حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی کیونکہ انہیں قومی خزانے کی لوٹ مار سے فرصت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کے مسائل اس وقت تک ختم نہیں ہو سکتے جب تک انہیں دیانتدار، محب وطن اور نڈر قیادت حاصل نہیں ہوتی۔ مسلم لیگ (ن)کے قائدین کی سیاست کا مقصد حصول اقتدار ہرگز نہیں بلکہ وہ اپنی آخرت سنوارنے کے لئے عوام کی خدمت کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے ہوئے ہیں، نوازشریف پاکستانیوں کی امید کا واحد مرکز ہیں۔ ہمارے امیدوار چودھری زاہد اقبال نہایت دیانتدار، عوام دوست اور قابل آدمی ہیں جو عوامی مسائل حل کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔ جلسے کے موقع پر ارشد لودھی، پیر ولایت شاہ کھگہ، عمران شاہ ولی اور چودھری زاہد اقبال سمیت مقامی قیادت بھی موجود تھی۔ حمزہ شہباز نے پتوکی ٹول پلازہ پر سینکڑوں افراد خطاب سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والا دور پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہے اور میاں محمد نوازشریف وزیراعظم بن کر عوام کی تقدیر بدل دیں گے اور مہنگائی کے طوفان کو ختم کر کے دم لیں گے۔ اس موقع پر رانا اسحاق خان، رانا حیات، محمود انور چودھری، عمران حسین، رانا ممتاز، محمد اسلم، محمد امین، اسلم پرنس، رانا محبوب، عابد علی، چودھری آصف شوکت، محمد اصغر ساقی، ڈاکٹر عرفان برلاس اور حاجی خالد محمود کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن