صوفیہ (کامرس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے محمد آصف عالمی سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق محمد آصف نے سیمی فائنل میں مالٹا کے ایلکس بورگ کو بیسٹ آف 13 فریم مقابلے میں 7-1 سے شکست دی۔ محمد آصف 2003ءکے بعد ورلڈکپ کا فائنل کھیلنے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی ہیں۔ 2003ءمیں صالح محمد نے پاکستان کی جانب سے چین میں ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا۔ محمد آصف کی ایونٹ میں مسلسل 9ویں فتح ہے۔ 1994ءمیں پاکستان کے محمد یوسف نے عالمی چیمپئن شپ جیتی تھی۔ ٹاپ پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف عالمی نے امیچور سنوکر چیمپئن شپ کے کوارٹرفائنل میں میں شام کے عمرالخوج کو آ¶ٹ کلاس کرکے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے عمرالخوج کو بیسٹ آف الیون فریم کے کوارٹرفائنل میں دو کے مقابلے میں چھ فریم سے شکست دی۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے نمبر ایک کیوئسٹ محمد آصف کو عالمی چیمپئن شپ میں یہ مسلسل آٹھویں فتح تھی۔ عالمی سنوکر چیمپئن شپ کا سیمی فائنل جیتنے والے محمد آصف کا کہنا ہے کہ وہ فائنل جیتنے کیلئے پُرامید ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے سیمی فائنل تک کامیابی ملی، قوم سے اپیل ہے کہ میرے لئے دعا کریں تاکہ فائنل جیت سکوں۔ پوری تیاری ہے، فائنل میں اچھی کارکردگی کیلئے پُرامید ہوں۔ مسلسل کامیابیوں پر بے حد خوشی ہے۔