لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ ہم خیال کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چاروں صوبوں میں پارٹی کے پارلیمانی بورڈ قائم کئے جائیں جو اپنے اپنے صوبے سے پارٹی امیدواروں سے درخواستیں طلب کریں اور 12 دسمبر کو پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس مسلم لیگ ہا¶س اسلام آباد میں اپنی رپورٹیں پیش کریں۔ مسلم لیگ ہم خیال کے ہفتہ کو بڑوں کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے میں صف اول کی قیادت اور دوسرے و تیسرے درجے کی قیادت کے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے تاہم چیئرمین حامد ناصر چٹھہ نے صورتحال کو سنبھال لیا اور کہا کہ 12 دسمبر کو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے پارٹی فیصلہ کر لے کہ مسلم لیگ (ن) سے ایڈجسٹمنٹ برقرار رکھنی ہے کہ نہیں۔ انہوں نے برہم ہو کر کہا کہ میں اپنا فیصلہ اس کے بعد کروں گا۔ معلوم ہوا ہے کہ حامد ناصر چٹھہ پہلے تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کے حامی تھے اب جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مسلم لیگ ہم خیال کی ایڈجسٹمنٹ ہو چکی ہے اس سے روگردانی کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ ان کا م¶قف ہے کہ روز روز فیصلے تبدیل نہیں کئے جانے چاہئیں۔ حامد ناصر چٹھہ، ہمایوں اختر خان اور سلیم سیف اللہ اس بات کے حامی ہیں کہ لاہور سے مسلم لیگ ہمخیال کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر مسلم لیگ (ن) ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے اکاموڈیٹ کر لے تو مسلم لیگ (ن) کا بڑا پن ہو گا وگرنہ فارمولے کے تحت مسلم لیگ ہم خیال کا لاہور میں سیٹوں پر کوئی حق نہیں بنتا۔ لاہور سے قومی اسمبلی کی موجودہ خاتون رکن کشمالہ طارق اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں آصف الیکشن لڑنے کے خواہاں ہیں جبکہ عمران احمد خان، شیخ رضوان بھی صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اقبال ڈار بھی چاہتے ہیں کہ انہیں اکاموڈیٹ کر لیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں بعض شرکا نے دھمکی دی کہ پارٹی نے ان کے بارے میں نہ سوچا تو وہ پاکستان تحریک انصاف یا مسلم لیگ (ق) کی طرف چلے جائیں گے۔ اس پر حامد ناصر چٹھہ خفا ہو گئے اور انہوں نے اپنے ایسے ساتھیوں کی گوشمالی کی۔ سلیم سیف اللہ خان اجلاس سے واپس چلے گئے تھے کیونکہ انہیں اپنی قریبی عزیز کی وفات کی اطلاع ملی تھی۔ اس موقع پر ان کے ساتھ ٹیلی فون پر مشاورت کرنے کے ساتھ مسلم لیگ ہم خیال کے صدر ارباب غلام رحیم کے ساتھ ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کر کے سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی تاریخ طے کی گئی۔ حامد ناصر چٹھہ نے میاں نوازشریف کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی کے ذریعے نوازشریف کو پیغام بھجوایا کہ دیگر جماعتوں سے الائنس بنانے کے لئے جو مشترکہ کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں ان کے کام کی رفتار کو تیز کروایا جائے اور ممکن ہو تو اس ہفتہ ہماری آپس میں ملاقات بھی ہونی چاہئے۔
ہمخیال لیگ کا اجلاس، مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اختلافات سامنے آ گئے
Dec 02, 2012