مہمند+ کرم ایجنسی (نیوز ایجنسیاں) تحصیل حلیم زئی امن کمیٹی کے رضاکار کو رات کی تاریکی میں قتل کر دیا گیا ہے جبکہ کرم ایجنسی سے 2افراد کی نعشیں ملی ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گذشتہ رات شگی میل کے مقام پر حلیم زئی امن کمیٹی کے رضاکار رسد گل کو رات کی تاریکی میں ذبح کرکے لاش کو ویران جگہ پر چھوڑ دیا گیا تھا جوکہ صبح پہچانے جانے کے بعدمعلوم ہوا کہ مقتول حلیم زئی امن کمیٹی کا رضاکار ہے۔ علاقے میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران سات افراد کو گرفتار کرکے مہمند رائفلز کیمپ منتقل کردیا گیا ہے۔ رضاکار کے قتل کی ذمہ داری تحریک طالبان کے مرکزی ترجمان احسان اللہ احسان نے قبول کی۔ نامعلوم مقام سے ذرائع ابلاغ کو مزید بتایا گیا کہ حکومت کے حمایت یافتہ اور امن کمیٹی رضاکار ہمارے ٹارگٹ ہیں جبکہ ہنگو دوابہ سے ایک روز قبل لاپتہ ہونے والے دو افراد کی لاشیں لوئر کرم ایجنسی کے علاقہ پلوسین وزیر س برآمد ہو گئیں، دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی کے علاقہ ماندل میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں خاتون قتل، پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔