آئی سی سی ون ڈے رینکنگ : بھارت کا بدستور پہلا نمبر‘ بائولنگ میں سعید اجمل کی پہلی پوزیشن برقرار

Dec 02, 2013

دبئی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی،بھارت بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ون ڈے ٹیم رینکنگ میں بھارت 122 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ آسٹریلیا 114 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، انگلینڈ 111 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، سری لنکا 110 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، جنوبی افریقہ 107 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں، پاکستان 100 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، ویسٹ انڈیز 90 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، نیوزی لینڈ 85 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، بنگلہ دیش 83 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور زمبابوے 55 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر ہے۔ بیٹنگ درجہ بندی میں بھارت کے ویرات کوہلی پہلے نمبر پر موجود ہیں، شیکھر دھون پہلی بار ٹاپ ٹین میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ولیئرز دوسرے، آسٹریلیا کے جارج بیلی تیسرے، سری لنکا کے کمار سنگا کارا چوتھے اور جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ پانچویں نمبر پر ہیں، پاکستانی کپتان مصباح الحق ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دسویں نمبر پر پہنچ گئے۔ بائولنگ میں پاکستانی اسٹار اسپنر سعید اجمل پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ڈیل اسٹین 5 درجے ترقی پا کر پانچویں نمبر پر آگئے۔ ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن دوسرے، بھارت کے روندرا جدیجا تیسرے اور انگلینڈ کے سٹیون فن چوتھے نمبر پر ہیں۔ پاکستانی نوجوان فاسٹ بائولر جنید خان کی 7 درجے ترقی ہوئی ہے اور وہ 19 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ آل رائونڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، آسٹریلیا کے شین واٹسن دوسرے اور پاکستان کے محمد حفیظ تیسرے نمبر پر ہیں۔

مزیدخبریں