نئی دِہلی(اے این این)بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے کہا ہے کہ خطے میں دہشت گردی عالمی بدعت ہے،اس کی آڑ میں انصاف پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ مستقبل میں ہمارا طرز زندگی ہی بدل کر رکھ دے گا،انسانی حقوق کا احترام اور جمہوریت کے آفاقی اصولوں کو زندہ رکھ کر دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے ایک موثر نظام فراہم کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نئی دہلی میں بین الاقوامی دہشتگردی کے موضوع پر ماہرین قانون کی کانفرنس کے لئے بھیجے گئے اپنے پیغام میں کیا جو کانفرنس میں پڑھ کر سنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی بہت بڑا چیلنج ہے تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ دہشت گردی مخالف جنگ کے دوران انصاف پرکوئی سمجھوتہ کیاجائے گا۔انہوں نے کہا اس جنگ میں ہم آئین ہند کے تحت فراہم انصاف ،آزادی اور مساوات کے بیش قیمت اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔انھوںنے کہا کہ دہشت گردی عالمی بدعت ہے دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ سے ایک ایسا چیلنج ابھر کر سامنے آیا جس کے نتیجہ میں آنے والے سال میں ہماری زندگی جینے کا طریقہ ہی بدل جائے گا۔ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے اپنے پیغام میں کہا آج کی دنیا میں دہشت گردی بین الاقوامی اور قومی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ پیغام میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی قوانین کو مضبوط بنانے کیلئے قانون سازی کی حمایت کی۔ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈنے اپنے پیغام میں دہشت گردی کو انسانیت کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہزاروں لوگ اس کی بھینٹ چڑھ گئے۔