اکبربگٹی سمیت بلوچ، پشتون رہنمائوں کو نصاب میں شامل کیا جائیگا: عبدالمالک بلوچ

Dec 02, 2013

کوئٹہ + حب (ثناء نیوز + نوائے وقت نیوز) بلوچستان حکومت نے نواب اکبر بگٹی سمیت دیگر بلوچ اور پشتون رہنماؤں کو تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو میر غوث بخش بزنجو، خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی، نواب اکبر خان بگٹی، میر یوسف عزیز مگسی اور دیگر اہم شخصیات کی سیاسی جدوجہد کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد تمام صوبوں کو اپنے تعلیمی نصاب میں ترامیم کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ بلوچ اور پشتون رہنماؤں کا طویل عرصے سے مذکورہ رہنماؤں کے نام نصاب میں شامل کرنے کا مطالبہ رہا ہے۔ ’’ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوانوں کو اپنے ان بڑوں کے بارے میں معلوم ہو جنہوں نے ان کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔ تاہم انہوں نے اس موقع پر اس بات کی وضاحت کی کہ سکولوں میں قائداعظم محمد علی جناحؒ اور قومی شاعر علامہ اقبالؒ کے حوالے سے بھی پڑھایا جائے گا۔ کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، تاحال جہاد سے متعلق آیات کو نصاب سے نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیات کی کتابوں میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔ دریں اثنا ڈاکٹر عبدالمالک  بلوچ نے کہا ہے کہ صنعتکاروں کو مکمل تحفظ کیا جائے گا۔ حب کے ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ لسبیلہ یونیورسٹی کے حوالے کریں گے۔ گڈانی میں فش اور سٹیل سٹی قائم کئے جائیں گے۔ حب میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ  نے مزید کہا صوبائی حکومت کے علاقے کی بہتری کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔  

مزیدخبریں