سب سے لڑنا عمران کا وطیرہ بن گیا، ایم کیو ایم سے دوستی ہوسکتی ہے: قائم علی شاہ

Dec 02, 2014

لاہور (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے دوبارہ دوستی ہوسکتی ہے کیونکہ سیاست میں دوست دشمن اور دشمن دوست بن جاتے ہیں اور یہ سب چلتا رہتا ہے، عمران خان کا سب سے لڑنے کا وطیرہ ہے اور اگر انہیں سب سے لڑنے کا شوق ہے تو یہ ان کی مرضی ہے، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری میں کوئی اختلاف نہیں وہ علالت کے باعث یوم تاسیس کی تقریب میں لاہور نہیں آسکے، سندھ حکومت تھر کی صورتحال میں بہتری کےلئے کوشاں ہے، 2015ءتک میٹھے پانی کی فراہمی اور ہسپتالوں کی صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار مبارک پر پھولوں کی چادر چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا عمران خان نے کراچی کے لئے جو کال دی ہے اگر اس میں کسی تصادم کا خطرہ ہوا تو اسے روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کا کوئی گٹھ جوڑ نہیں ہم صرف جمہوریت کو گرنے دینا نہیں چاہتے کیونکہ پیپلزپارٹی نے اس کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا بلاول بھٹو جلد لاہور آکر پارٹی کو فعال کریں گے اور پیپلزپارٹی کا ہیڈ کوارٹر بلاول ہاﺅس لاہور میں ہی بنے گا۔

قائم علی شاہ

مزیدخبریں