اقتصادی راہداری روٹ مبینہ طور پر میانوالی اور بھکر کے علاقوں سے پھر تبدیل، نیا نقشہ جاری

Dec 02, 2015

کندیاں(نامہ نگار) پاک چین دوستی کے عظیم الشان اور تاریخی منصوبے اقتصاد ی راہدری کے روٹ کو مبینہ طور پر ضلع میانوالی اور بھکر کے علاقوں سے ایک بار پھر تبدیل کر دیا گیا نئے روٹ کا نقشہ جاری ہونے پر دونوں اضلاع کی ترقی کا خواب ادھورا رہ جانے سے شہریوں میں شدید غم و غصہ اور اضطراب بڑھنے لگا، مبینہ اطلاعات کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ اس روٹ کو اب عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن کی خواہش پر ضلع میانوالی کے علاقوں چکڑالہ موسی خیل واں بھچراں، کندیاں ،پپلاں، کلور کوٹ دریا خان اور بھکر سے تبدیل کر کے جنگ باہتر انٹرچینج سے فتح جنگ، کوٹ فتح خان، پنڈی گھیب ،میرا شریف ،تراپ اور دریائے سواں سے گزار کر سکندر آباد ، روکھڑی موڑ اور کنڈل کے راستے ڈیرہ اسمعٰیل خان سے ملانے کی حتمی منظوری دیکر اسکا نیا نقشہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس سے ضلع میانوالی اور ضلع بھکر کے عوام میں شدید اشتعال اور غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی،پنجاب کے ان دونوں پس ماندہ اضلاع میں احساس محرومی بھی مزید بڑھنے لگا راہدری منصوبے کے روٹ میں تبدیلی کی خبریں آنے پر دونوں اضلاع کے عوامی سماجی تجارتی اور سیاسی حلقوں نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روٹ کی تبدیلی مقامی سیاسی قیادت کی نااہلی کا سب سے بڑا ثبوت ہے علاقہ مکینوں نے کہا کہ عوامی حلقوں کو اپنے تمام تر سیاسی وذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کے اپنے اضلاع کے لاکھوں لوگوں کے حق کے لئے مل کر آواز بلند کرنی چاہیے۔ 

مزیدخبریں