مخدوم امین فہیم محب وطن، عوام انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے: شجاعت، مشاہد

لاہور (خبر نگار) مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم پاکستان چودھری شجاعت حسین ، سینیٹر مشاہد حسین سید اور مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے مخدوم ہائوس ہالہ جاکر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مخدوم امین فہیم کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ میری مخدوم امین فہیم سے 30سالہ رفاقت رہی ہے، میرا ان سے سیاسی اور ذاتی تعلق تھا، ملکی خدمات کے لئے ہمیشہ ملکر کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ ایک سچے اور محبت وطن پاکستانی تھے۔ ان کی قومی سوچ کی وجہ سے تمام صوبوں کی عوام انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھتی تھی۔ یہی وجہ تھی کہ مخدوم امین فہیم کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی کیونکہ ان کی سیاست منافقت سے پاک تھی۔ ان کی جمہوری خدمات کی وجہ سے انہیں بارہا بار وزارت عظمیٰ کی پیشکش ہوئی جو انہوں نے مسترد کی۔ اس وقت ان کے صاحبزادے مخدوم جمیل الزاماں سے ہماری بہت سی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ اپنے بزرگ مخدوم طالب المولیٰ اور والد امین فہیم کی سیاسی وروحانی خدمات کو انہیں کہ انداز میں آگے لیکر چلیں گے۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھی میڈیا سے گفتگو کی جس میں انہوںنے مرحوم کی سیاسی وسماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خاکی اور مفتی دونوں ہی ان کی عزت کرتے تھے ان کا سیاست کے ساتھ ثقافت اور شاعری سے گہرا لگائو تھا۔ قبل ازیںنواب شاہ ائیرپورٹ پر ان کے استقبال کے لئے مسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ خصوصی طور پر کراچی سے نواب شاہ پہنچے تھے جہاں پر موجود چودھری مظہرالحق ،آغا مولا بخش پٹھان، امام دین کیریو، جاوید اعوان ، انیس الدین عمران قریشی ،ناصر بلوچ اور اظہر ٹانوری سمیت سیکڑوں کارکنا ن موجود تھے جنھوں نے اپنے قائدین کا والہانہ استقبال کیا۔

ای پیپر دی نیشن