نئے سال کے آغاز پر اختیارات بلدیاتی اداروں کو منتقل ہو جائینگے: منشاءاللہ بٹ

Dec 02, 2016

لاہور (فرخ سعید خواجہ) صوبائی وزیر بلدیات منشاءاللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلی شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت اختیارات کو نئے سال کے سورج کی کرنوں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کو منتقل کر دے گی اور صوبہ پنجاب میں مقامی حکومتوں کا مثالی نظام قائم کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ منشاءاللہ بٹ نے کہا کہ بلدیاتی ادارے 31 دسمبر تک مکمل ہو جائیں گے۔ وزیراعلی شہباز شریف کا ویژن ہے کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرکے ہر ضلع کے عوام کے مسائل ان کے ضلع میں ہی حل کئے جائیں تاکہ لوگوں کو صوبائی دارالحکومت کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں قائم سرکاری ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنا، تعلیم کی بہترین سہولتیں، پینے کا صاف پانی مہیا کرنا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ ایک سوال کے جواب میں منشاءاللہ بٹ نے کہا کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں حالات بہت بہتر ہیں جہاں تک اپوزیشن کی تنقید کا تعلق ہے تو وہ ان کا حق ہے تاہم ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر ہے اس سے ملک میں خوشحالی آئے گی جس سے چاروں صوبے سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پی کے کے علاوہ گلگت بلتستان بھی مستفید ہوں گے۔ نواز شریف کی دوراندیشی نے دیوالیہ ہوتی ریاست کو معاشی ٹریک پر کھڑا کردیا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشیں نواز شریف کے ویژن کا نتیجہ ہے۔
منشاءاللہ بٹ

مزیدخبریں