کوئٹہ+ پشاور+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار+ بیورو رپورٹ) کوئٹہ میں بروری روڈ پر نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق کچلاک کے علاقے کلی آتوزئی سے دو افراد کی نعشیں ملی ہیں جن کو تشدد کر کے قتل کیا گیا نعشیں دو ماہ پرانی ہیں۔ بنوں نامہ نگار کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل غلام خان میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کر ناکارہ بنا دیا ہے، جبکہ ایف آر بنوں کے علاقے جانی خیل میں مبینہ شر پسندوں کے گھروں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ادھر پشاور میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران 50 سے زیادہ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پشاور پولیس حکام کے مطابق پھندواور چمکنی کے علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا جس دوران50سے زیادہ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ لیڈیز پولیس کی مدد سے تین سو سے زیادہ گھروں کو چیک کیا گیا۔ اسلحہ بھی برآمد کر لیاگیا ہے ۔ علاوہ ازیں لاہور میں پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے 11مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ بیورو رپورٹ کے مطابق فرنٹیئر کور اور حساس ادارے نے پنجگور اور تربت میں دو مشترکہ کارروائیوں میں 6مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ، اسلحہ اور بارودی مواد اور شراب بھی برآمد کر لی گئی۔ کوئٹہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ ادھر بنوں میں دہشت گردوں کے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فائرنگ اہلکار جاں بحق
کوئٹہ: فائرنگ سے اہلکار جاں بحق، کچلاک: 2افراد کی تشدد زدہ نعشیں برآمد
Dec 02, 2016