لاہور + نارنگ (آن لائن + نامہ نگار) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند پڑنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جبکہ موٹر وے پر حد نگاہ کم ہونے سے کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی تعطل کا شکار رہی۔ دسمبر کے آغاز کے ساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق دھند پڑنے کا سلسلہ رات سے ہی شروع ہوگیا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا دھند کے باعث لاہور سے کالا شاہ کاکو روڈ پر حد نگاہ بیس تادوسو میٹر تک رہ گیا دھند کے باعث موٹر وے اور جی ٹی روڈ پہ ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ دوسری طرف نیوکالا خطائی لاہور روڈ پرکھنڈا سٹیشن کے قریب علی الصبح شدید دھندکے باعث 14گاڑیاں یکے بعد دیگرے آپس میں ٹکرا گئیں۔ 50سے زائد مسافر زخمی ہوگئے بتایا جاتا ہے کہ شدید دھندکے باعث کچھ نظر نہ آنے پر 4 کاریں 2 بسیں 6 ٹیوٹا ویگنوں اور 2ٹرک یکے بعد دیگرے آپس میں پیچھے سے ٹکراتے گئے۔ جس کے باعث 20 خواتین سمیت 50مسافرخون میں نہلا گئے جنہےں زخمی حالت میں مختلف ہسپتالوں میں داخل کروا دیا گیا۔
دھند
لاہور سمیت مختلف شہروں میں شدید دھند، نارنگ: 14 گاڑیاں ٹکرا گئیں، 50 مسافر زخمی
Dec 02, 2016