سری نگر(کے پی آئی+ این این آئی + آن لائن) نام نہاد پنچایتی انتخابات کے چھٹے مرحلے پر اور بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف ہفتے کو مقبوضہ کشمیر کے شمالی اورجنوبی اضلاع میں ہڑتال رہی، کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے‘ بھارتی فورسز نے کل جماعتی حریت کانفرنس ع کے دفتر کو سیل کر دیا ہے۔ جبکہ چیئر مین حریت میر واعظ عمر فاروق کو گھر پر نظر بند کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نام نہاد پنچایتی انتخابات کے چھٹے مرحلے پر حریت قیادت کی اپیل پر عوام انتخابی عمل سے لاتعلق رہے۔ ضلع کولگام میں سب سے کم یعنی1.6فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی۔ ادھر شمالی قصبہ سوپور میں مجاہد کمانڈر کی شہادت کے بعد ہفتے کو مسلسل تیسرے روز ہڑتال رہی۔معراج الدین خان سوپورضلع بڈگام کے چھترگام علاقے میں فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ کے دوران شہید ہوا تھا۔ قصبہ میں کاروباری ادارے بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے غائب رہی ۔ سوپور میں نوجوانوں نے بھارتی فورسز کے خلاف مظاہرے کیے فوجی گاڑیوں پر پتھر برسائے۔ بھارتی فورسز نے سری نگر میں حریت کانفرنس ع کا ورکرز اجلاس ناکام بنانے کیلئے اس کے چیئر مین میر واعظ عمر فاروق کو نظر بند جبکہ حریت صدردفتر واقع راجباغ سرینگر کو سیل کردیا ہے ۔ سری نگر شہر خاص کے کئی علاقوں میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیںجس دوران فورسز نے پتھرائو کررہے نوجوانوں پراشک آور گولے داغے۔ لبریشن فرنٹ کے کئی سرکردہ قائدین اور اراکین زندگی کے دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے ہمراہ کل سرائے بالا سرینگر میں جمع ہوئے اور وادی میں فوج کی جانب سے مبینہ جاری قتل و غارت گری کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کئے۔ حریت قائدین علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے بھارتی فوجی سربراہ کے اس بیان پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کیا ہے جس میں انہوں نے کشمیر میں ڈرون حملے کرنے کی بات کی ہے ۔ انہوں نے کہااتنی بڑی فوج کے سربراہ کا چند جوانوں کو زیر کرنے کے لئے اتنے وسیع پیمانے پر طاقت کے استعمال کی دھمکی مضحکہ خیز ہی نہیں بلکہ بچگانہ بھی ہے ۔ 10 لاکھ فوج جدید اسلحہ سے لیس ہو کر بھی ہمارے آزادی پسند جیالوں کے عزم اور حوصلے کے آگے کمزور پڑ رہے ہیں اس سے بڑھ کر فوجی سربراہ کی تسلیم شکست اور کیا ہو گی ۔ انہوں نے بھارتی حکومت کو کہا کہ اخلاقی اور جمہوری پیمانوں سے آپ یہ جنگ کب کے ہار چکے ہیں اسی لئے ڈرون حملوں کی مدد سے پوری آبادی کو نیست و نابود کر کے یہاں کی زمین پر اپنی گرفت کو مضبوط کرنے کی سازش رچاتے ہیں جو قابض اور غاصب طاقتوں کا ہمیشہ سے شیوہ ہوتا ہے ۔گزشتہ ماہ بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں میں اڑتالیس کشمیری شہیدہوئے۔ کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری کئے جانے والی سروے رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ وادی میں بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں اڑتالیس کشمیری شہید ہوئے۔دوسری جانب بھارت سپریم کورٹ نے ایک تاریخی فیصلہ میں جموں و کشمیر اورمنی پورہ تعینات رہے350سے زائد فوجی اہلکاروں کی اس پٹیشن کو خارج کردیا جس میں انہوں نے افسپا کے تحت حاصل استثنی کے ہوتے ہوئے انکے خلاف ایف آئی آر درج کرنا چیلنج کیا تھا۔تاہم مرکزی سرکار نے یہ استدلال پیش کیا کہ اس فیصلے سے ان فوجی اہلکاروں کے حوصلے پست ہوجائیں گے جو دہشت گردی کیخلاف لڑ رہے ہیں۔ عدالت عظمی نے مرکزی سرکار کی اِ س التجا کو بھی مسترد کردیا جس میں مرکز نے فوجی اہلکاروں کی درخواست کی حمایت کی تھی۔ڈویژن بینچ نے حکومت کی نمائندگی کرنے والے سالسٹر جنرل توشار مہتہ سے کہایہ عدالتوںکی نہیں بلکہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اندرونی طور پر کوئی میکانزم تیار کرے تاکہ اگر کسی شخص کی جان جاتی ہے تو اس صورت میں اسے کیسے دیکھا جائے ۔عدالت عظمیٰ نے کہا ایک عام آدمی کے طورپر بھی اگر دیکھا جائے تو کسی شخص کی جان‘ جسے فوجی اہلکار خطرے میں ڈال دیتاہے‘ کی بھی کوئی اہمیت ہوتی ہے۔