صنعاء (این این آئی)یمن میں امریکی سفیر میتھیو ٹوئلر نے کہا ہے کہ ایران خطے میں عدم استحکام کو بڑھاوا دینے والا مرکزی کردار ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یمن کی آئینی حکومت کو مدد فراہم کرنے والی عرب اتحاد کی کوسٹ گارڈ فورس کی جانب سے حضر موت کے علاقے میں پٹرولنگ کی ذمہ داری یمنی کوسٹ گارڈز کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایران اس سلسلے میں جو کچھ کر رہا ہے۔ اس کی وضاحت کے لئے یہ مقولہ کافی ہے کہ ایرانی، جلتی پر تیل ڈالنے کا کام کر رہا ہے۔ یعنی ایران مشرق وسطیٰ میں بحرانوں کو ہوا دے رہا ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ خطے میں جہاں بھی عدم استحکام ہو گا، تو مجھے کہنے دیجئے کہ اس عدم استحکام کے ڈانڈے ایران سے جا ملتے ہیں۔ وہ اس صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہیں اور اس مقصد کے لئے مذہبی، سیاسی اور غربت جیسے حالات کو اپنی پالیسیوں کے لئے بطور ڈھال استعمال کرتے ہیں۔ ایران دراصل ہم سب کے لئے اہم خطے میں جلتی پر تیل کا کام کرتا ہے۔ایران کی انہی پالیسیوں کی وجہ سے یمن کو آج ایسی صورت حال کا سامنا ہے۔