افغانستان: فضائی حملے، 31 طالبان ہلاک

Dec 02, 2018

کابل (نیٹ نیوز، آن لائن) افغانستان کے صوبہ بدخشاں میں افغان فورسز کے فضائی حملہ میں 21 شدت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ طالبان کے زیرکنٹرول علاقہ میں ہونے والے فضائی حملہ میں کئی جنگجوئوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ افغان ملٹری کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق افغان فورسز کے فضائی حملہ میں تین گاڑیوں، ایک ہیک بیک کار اور ایک موٹرسائیکل کے تباہ کرنے کی اطلاع دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وادی خاشنک ضلع کبرم کی شورش زدہ سرزمین ہے جہاں اکثر و بیشتر طالبان دہشت گردانہ کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔ صوبہ بدخشاں کے ان اضلاع میں شدت پسند عناصر افغان حکومت اور سکیورٹی اداروں کیخلاف کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔ افغانستان میں سکیورٹی فورسز کے حملے میں کم از کم دس طالبان ہلاک جبکہ ان کا جوڈیشری سنٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پامیر ٹونٹی کارپس کے ترجمان عبدالحادی نے بتایا کہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر سکیورٹی فورسز کے طیاروں نے صوبہ کیپیسیا کے ضلع نجراب میں طالبان کے جوڈیشری سنٹر کو حملے کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں سنٹر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ دس طالبان ہلاک ہو گئے ۔ واضع رہے خود ساختہ جوڈیشری سے طالبان جنگجو حکومتی عہدیداروں ،سکیورٹی اہلکاروں اور یرغمال بنائے گئے افراد کے خلاف فیصلے سناتے تھے۔ حکام نے اس جوڈیشری سنٹر کی تباہی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے ۔ دریں اثناء افغانستان میں ہلاک ہونے والے تینوں امریکی فوجیوں کی نعشیں امریکہ پہنچ گئیں۔افغان صوبے غزنی میں ایک بم دھماکے سے ہلاک ہونے والے تینوں امریکی فوجیوں کی نعشیں امریکہ پہنچ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی پرچم میں لپٹے ہوئے ان تابوتوں کو لے کر ایک خصوصی پرواز ڈیلاویر شہر کے ڈوور ایئر فورس بیس پر پہنچی۔ اس موقع پر سوگوار خاندان کے افراد کے علاوہ امریکی نائب صدر مائیک پینس اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ یہ فوجی 27 نومبر کو ایسے علاقے میں ہلاک ہوئے تھے، جہاں طالبان کی سرگرمیوں کو غیر معمولی قرار دیا جاتا ہے۔ پینٹاگون نے ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

مزیدخبریں