اسرائیل نے فلسطینی نوجوانوں‘ نمازیوں پر نظر رکھنے کیلئے قبلہ اول کے اطراف مزید کیمرے لگا دیئے

Dec 02, 2018

مقبوضہ بیت المقدس+ خان یونس (صباح نیوز)اسرائیلی فوج اور پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس بالخصوص مسجد اقصیٰ کے اف میں بڑی تعداد میں خفیہ کیمرے نصب کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج اور پولیس کی زیر نگرانی ایک اسرائیلی کمپنی نے مسجد اقصیٰ کے اطراف اور پرانے بیت المقدس شہر میں جگہ جگہ نئے خفیہ کیمرے لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ان کیمروں کا مقصد بیت المقدس میں فلسطینی نوجوانوں پر نظر رکھنا اور مسجد اقصیٰ میں آنے والے نمازیوں کی مانیٹرنگ کرنا ہے۔ادھراسرائیلی فوج کی بھاری نفری گذشتہ روز ٹینکوں اور فوجی گاڑیوں کے ساتھ جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں داخل ہوئی اور کئی سو میٹر اندر گھس کر سرنگوں کی تلاشی کی آڑ میں کھدائی کی گئی۔اسرائیلی فوج کے 4 بلڈوزر’’السناطی‘‘ گیٹ سے غزہ کے اندر داخل ہوئے۔ ان کے ہمراہ اسرائیلی فوج کی کئی بکتر بند گاڑیاں بھی موجود تھیں۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی دراندازی کے دوران صہیونی فوج کے جنگی طیاروں کی پروازوں کا سلسلہ بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

مزیدخبریں