اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قطر کی پاکستان سے فیفا ایونٹ کے لیے مزید افرادی قوت کی درخواست، قطر پاکستانی مزدوروں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی قطر کے نائب وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن بن جاسم سے ملاقات ہوئی۔ اس کے علاوہ قطری وزیر خارجہ، چیمبر آف کامرس اور ڈویلپمنٹ فنڈ کے عہدیداروں سے بھی اہم ملاقاتوں میں قطر اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ اور افرادی قوت کے تبادلے پر بھی مشاورت کی گئی۔ قطر حکام کے مطابق پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تجارت میں 63 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا۔ معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے۔ قطر نے تجارت اور اقتصادی میدان میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارے اہم تجارتی شراکت داروں میں شامل ہے۔ اس موقع پر زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ قطر اور پاکستان گہرے اور برادرانہ تعلقات سے جڑے ہوئے ہیں۔ 1 لاکھ پاکستانیوں کو بھرتی کرنے کے فیصلے پر فوری عملدرآمد ناگزیر ہے۔ امیر قطر کے ویژن کے مطابق مزید کوٹہ بھی مختص کیا جائے گا۔