اسلام آباد (اے پی پی):پاکستان گنے کی پیداوار کیلحاظ سے دنیا کا چھٹا جبکہ گندم پیدا کرنے والا آٹھواں بڑا ملک ہے، غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لئے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ معروف تجزیہ کار سیدحارث احمد نے اپنی تحقیقی رپورٹ میں کہا ہے کہ دنیا بھرمیں گندم پیدا کرنے والا بڑا ملک چین ہے جبکہ عالمی سطح پر گندم پیدا کرنے والے دس بڑے ممالک میں روس، امریکا، فرانس، بھارت، آسٹریلیا، کینیڈا، یوکرین اور جرمنی شامل ہیں اور پاکستان گندم پیدا کرنے والا دنیا کاآٹھواں بڑا ملک ہے۔گندم اور گنا پیدا کرنے والے دیگر بڑے ممالک کے مقابلہ میں پاکستان کی فی ہیکٹر پیداوار کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گنے کی فی ہیکٹر پیداوار 60 ٹن ہے جبکہ دیگر بڑے پیداواری ممالک میں یہ شرح 65 تا 70 ٹن فی ہیکٹر ہے۔ اسی طرح پاکستان میں گندم کی فی ہیکٹر پیداوار 3 ٹن ہے جبکہ دیگر ممالک میں 4 تا 5 ٹن ہے اور چین کی گندم کی فی ہیکٹر پیداوار سب سے زیادہ 6 ٹن ہے۔