کبیروالا(نامہ نگار ) تاجروں کومبینہ طور پر دھمکیاں دیکر کروڑ روپے کے بھتے کی ڈیمانڈ کرنے والا2رکنی گروہ ’’شیواگینگ ‘‘گرفتار۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ چند ہفتے قبل کبیروالا شہر کے ہڈی جوڑ ہسپتال کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شیخ قیصر شہزاد کو ’’شیوا 8654‘‘ نامی گروہ کی جانب سے ایک دھمکی آمیز خط ملا،جس میں مذکورہ گروہ نے اپنے آپ کو کراچی سے تعلق رکھنے والاگروہ بتاتے ہوئے ان سے دو دن کے اندر ایک کروڑ روپے بھتہ نہ دینے کی صورت میں ان کے بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ،حکام بالا کے نوٹس میں صورت حال لائے جانے پر پولیس تھانہ سٹی کبیروالا نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا لیکن مذکورہ ’’شیوا گینگ‘‘کی جانب سے دھمکانے اور بھتہ دینے کی ڈیمانڈکا سلسلہ بذریعہ خط جاری رہا۔اسی اثنا میں مذکورہ گروہ نے کبیروالا شہر کی دیگر معزز شخصیات ملک محمد ظریف،چوہدری کاشف یامین ،شیخ محسن رفیق،عبدالستار جانی کو بھی دھمکی آمیز خط دیکربھتہ دینے کی ڈیمانڈ کی گئی ۔جس پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانیوال محمد علی وسیم نے اپنی زیر نگرانی اے ایس پی کبیروالا عبدالعلیم ،انچارج سی آئی سٹاف اور پولیس تھانہ سٹی کبیروالا کو مذکورہ گینگ کو ٹریس کرنے کا ٹاسک دیا،جس پر مذکورہ پولیس افسران نے شیوا گینگ کے اہم ملزم حمزہ اعوان اور اسکی نشاندہی پر اس کے ساتھی عدنا ن کوگرفتار کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم حمزہ اعوان کی مین بازار کبیروالا میں کپڑے کی چھوٹی سی دکان ہے ،گرفتاری کے بعد اس نے پولیس کو مبینہ طور پربتایا ہے کہ وہ مجرا پارٹیوں میں ڈانسر خواتین پر رقمیں لٹانے اور دیگر عیاشیوں کی وجہ سے لاکھوں روپے کا مقروض ہوچکا ہے اور یہ سب’’ڈرامہ‘‘ قرضے سے جان چھڑانے کیلئے رچایا ہے ۔مرکزی ملزم حمزہ اعوان کے مطابق اس نے اپنے گینگ کانام ’’شیوا گینگ‘‘ رکھنے کا آئیڈیا انڈین فلموں سے لیا تھا۔پولیس ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے۔جبکہ مرکزی انجمن تاجران کبیروالا کے صدر شیخ راشد ندیم سعیدی،حاجی ملک محمد اشرف ،حاجی محمد ارشد سنگا ،شیخ طاہر شہزاد ،چوہدری محمد اسلم شاہد ،ملک سہیل الطاف،سید عباس علی،ملک رمضان پھول ،تاجرتنظیموں کے چوہدری سعید اقبال گل،چوہدر ی محمد اشفاق،رانا شکیل احمد ،حاجی محمد شفیق دھاریوال،صرافہ ایسوسی ایشن کبیروالا کے صدر چوہدری محمد ندیم زرگر نے تاجر شخصیات کو بلیک میل گروہ کی گرفتاری میں بھرپور کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔