پی ڈی ایم جعلی حکومت کا عوامی طاقت سے خاتمہ کریگی، لشکری رئیسانی

Dec 02, 2020

خان گڑھ( خبرنگار) بی این پی کے مرکزی راہنما و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی، سابق وفاقی وزیر میر ہمایوں عزیز کرد' قاری اختر شاہ' حاجی رحیم ترین' میربیجر میروانی' گل زمان خان سمیت دیگر مرکزی راہنماؤں نے پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے انفارمیشن سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان کے صاحبزادے نوابزادہ عمران احمد خان سے ان کی رہائش گاہ سیف نگر خانگڑھ میں ملاقات کی اس موقع پر ان راہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جعلی ہے جنہوں نے ہمارے 6 نکات میں سے ایک نکات بھی پورا نہیں کیا اور ہم نے حکومت سے علیحدگی اختیار کر لی ہے انہوں نے کہا کہ  ہمسایہ ممالک ترکی' ملائیشا' بنگلہ دیش سمیت دیگر ترقی کر گئے ہیں مگر پاکستان وہیں کھڑا ہے وجہ یہ ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کو پروان چڑھنے ہی نہیں دیا جاتا بلکہ اغیار کے مقاصد کیلئے مخصوص افراد کو پارلیمنٹ کا حصہ بنا دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ نااہل عمران خان کو ملک و قوم پر مسلط کردیا گیا ہے جبکہ بلوچستان حکومت بھی جعلی حکومت ہے ہمارے جرگہ کے نظام کو تسلیم نہیں کیا جاتا جبکہ پی ڈی ایم کے مخالفت کرنے والی سیاسی جماعتیں آمریت کی ساتھی ہیں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم جعلی حکومت کا عوامی طاقت سے خاتمہ کریں گی انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ جمہوریت کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا چھوڑ دے'ملک میں آئین کی بالادستی ہو' عوامی مینڈیٹ چوری نہ ہو ' بلوچستان کے احساس محرومیوں کا ازالہ کیا جائے تو وطن عزیز میں خوشحالی آئے گی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔

مزیدخبریں