کراچی(نیوز رپورٹر) صاحبزادہ عطارمولاناعبید رضا عطاری مدنی نے کہا ہے کہ اللہ پاک متقی لوگوں کے ساتھ ہے ، قبرمیں بندے کے ساتھ تقویٰ اور نیک اعمال ہی جاتے ہیں ،تقویٰ آخرت کا زاد راہ ہے۔قرآن کریم میں تقویٰ کا لفظ کثرت سے استعمال ہوا ہے۔ حرام چیزوں کو چھوڑ دینا ،اللہ کی نافرمانی سے بچنا اور اس کی اطاعت کرنا تقویٰ ہے ،کفر وشرک سے بچنا ، بدعقیدگی سے بچنا ،گناہوں سے بچنا یہ تقویٰ میں شامل ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں جامعۃ المدینہ کے طلبا کے درمیان بیان کرتے ہوئے کیا۔ حاجی عبید رضا عطاری مدنی نے کہا کہ جو لوگوں میں سب سے زیادہ متقی ہو وہ زیادہ عزت والا ہے،متقی شخص اللہ کی رحمت سے شیطان کے حربوں سے بچ جاتا ہے۔تقویٰ ایک نادر خزانہ ہے جو شخص اس کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو وہ دنیا وآخرت کی نعمتوں کو پانے میں کامیاب ہوگیا ،گویا دنیا وآخرت کی تمام بھلائیاں جمع کرکے صرف اس عادت کے تحت رکھ دی گئی ہیں جسے تقویٰ کہا جاتا ہے۔حاجی عبید رضا عطاری مدنی نے کہا کہ اللہ پاک سب سے بڑھ کر مہر بان ہے ،اگر تقویٰ سے بڑھ کر بھلائی کی جامع ،زیادہ عزت والی ،زیادہ بہتر اور زیادہ اجر والی اعلیٰ بندگی والی اور دنیا وآخرت میںزیادہ کامیابی دلانے والی ہوتی ہے تو اللہ عزوجل لازمی طور بندوں کو اس کا حکم دیتا اور اپنے پسندیدہ بندوں کو اسی کا حکم فرماتا۔حاجی عبید رضا عطاری نے کہا کہ جو چیز حاصل نہ ہو اس پر توکل کریں ،جو چیز حاصل ہوجائے اس پر شکر کریں اور جو کچھ چلا جائے تو اس پر صبر کریں ،ہمیں خود پر غور کرنا چاہئے کہ جب کوئی چیز ہمیں حاصل نہ ہو تو ہمارا کیا حال ہوتا ہے، اگرکوئی چیز ہمیں مل جائے تو ہمارا کیا حال ہوتا ہے اور اگر کوئی چیز ہم سے رخصت ہوجائے تو ہمار ا کیا حال ہوتا ہے۔ دینی طلباء نے مستقبل میں مسجد ومحراب وممبر کی زینت بننا ہے اورقوم کی رہنمائی کرنی ہے لہٰذا انہیں چاہئے کہ تقویٰ اختیار کریں۔