لاہور (سپورٹس رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل کے سسر چوہدری الیاس کو دل کا دورہ پڑنے کی بنا پر لاہور کے مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ پیر کے روز جب چوہدری الیاس کو ہسپتال لے جایا گیا تو فوری طور پر انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہسپتال داخل کرنے سے انکار کر دیا جس پر کامران اکمل اور عمر اکمل کی جانب سے احتجاج کرنے پر چوہدری الیاس کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔ کامران اکمل کا کہنا تھا کہ میرے سسر چوہدری الیاس کو کرونا کے شبہ میں داخل نہیں کیا جا رہا تھا لیکن ایسا کچھ نہیں تھا۔ ان کے کرونا سمیت تمام ٹیسٹوں کی رپورٹ منفی آئی ہے۔ اس وقت وہ وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔ کامران اکمل نے دوست احباب سے اپیل کی ہے کہ ان کے سسر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں۔