کشمیر پر او آئی سی قرارداد سے متعلق بھارتی بیان مسترد کرتے ہیں: پاکستان

اسلام آباد ( نیٹ نیوز) پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان نے تنازعہ جموں و کشمیر کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے سینتالیسویں اجلاس کی قرارداد سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے غیر منطقی بیان کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر  خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود عالمی طور پر مسلمہ قدیم ترین تنازعات میں سے ایک ہے۔ بھارت کی ہٹ دھرمی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں اور عالمی برادری کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد سے راہ فرار اختیار کرنے کے باعث یہ تنازعہ تا حال حل طلب ہے۔ ترجمان نے کہا اسلامی تعاون تنظیم کی قرارداد بھارت کے اس غیر قانونی اور غیر منطقی موقف کی تردید ہے کہ جموں وکشمیر اس کا داخلی معاملہ ہے۔  بھارت او آئی سی کی قرارداد میں ظاہر کی جانے والی عالمی برادری کی تشویش کو مسترد کرنے کی بجائے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ بند کرے۔

ای پیپر دی نیشن