لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور میں جدید بس ٹرمینل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے بین الاقوامی معیار کا بس ٹرمینل بنانے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ نیا بس ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب بنایا جائے گا جس میں عالمی معیار کی سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ فیصل آباد اور ملتان میں بھی نئے بس ٹرمینل بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو 10 دسمبر تک بس ٹرمینل کا ڈیزائن پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ بسیں معیاری اور پائیدار ہونی چاہئیں اور الیکٹرک بسوں کی خریداری کیلئے ضروری امور جلد نمٹائے جائیں۔ خریداری کے عمل میں شفافیت اور قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھا جائے۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کا دائرہ کار پنجاب کے ہر شہر تک پھیلائیں گے۔ وزیر اعلی نے پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ کمیٹی اس ضمن میں سفارشات جلد پیش کرے۔ وزیر اعلی نے پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کی بھی اصولی منظوری دی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے عبدالقادر حسن کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بیرسٹر خالد خو رشید کو گلگت بلتستان کا وزارت اعلی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے لٹیروں کی منفی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام شفاف، ایماندار اور خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر کے دوران بے احتیاطی کے خطرناک نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ جلسوں اور اجتماعات سے گریز بہت ضروری ہے۔ پی ڈی ایم کو عوام کی زندگیوں کی کوئی پرواہ نہیں اور اپوزیشن ٹولہ اپنی منفی سیاست کیلئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے۔ ان عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ حقائق سے عاری اور عقل سے خالی ٹولہ کرونا میں اضافے کا باعث بن رہا ہے اور جلسوں میں وباء کا مذاق اڑانے والے حقیقت سے آنکھیں چرا رہے ہیں۔ مذموم عزائم کے لئے لوگوں کی زندگی کو داؤ پر لگانا پی ڈی ایم کے ٹولے کی خود غرضی ہے۔ پنجاب کے ہر شری کیلئے فکر مند ہوں۔ صورتحال دوبارہ لاک ڈاؤن کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ہم اس سے بچنا چاہتے ہیں۔ عوام کے تعاون کے بغیر کرونا کا خاتمہ ممکن نہیں۔