نیب بدعنوان عناصر کو کٹہرے میں لانیکی کوششوں میں تیزی لایا: جاوید اقبال

Dec 02, 2020

اسلام آباد (نامہ نگار) چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے کوششوں میں تیزی لائی ہے۔ اجتماعی کوششوں سے بدعنوانی کے خاتمے اور کرپشن فری پاکستان کے خواب کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اپنے بیان میں چئیرمن نیب نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی ماں ہے۔ ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے کرپٹ عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے نیب نے اپنی کوششوں میں تیزی لائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے طریقہ کار کو مکمل کرلیا ہے اور اس کے افسران / اہلکاران کرپشن کا خاتمہ قومی فریضہ سمجھ کر ادا کر رہے ہیں۔نیب سارک کے تمام ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ پاکستان اور چین سی پیک منصوبوں کے تحت پاک چین معاشی روابط میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی فعال انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کی وجہ سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز بن گیا ہے کیونکہ بدعنوانی سے پاک پاکستان ہمیں ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک کی طرف لے جاسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب "سب کے لئے احتساب" کی پالیسی اپناتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ احتساب عدالتوں میں 1130 مقدمات زیر سماعت  ہیں اور ان کی مالیت 943 ارب روپے ہے۔ چیئرمین نیب کی ہدایت پر ملک بھر میں بدعنوانی کے مضر اثرات سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے نیب کی موثر آگاہی اور روک تھام مہم چل رہی ہے۔ چیئرمین نیب نے بدعنوانی کے خاتمے اور مفروراور اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لئے مختلف پہلوؤں سے کوششوں کی ہدایت کی ہے کیونکہ سب کی مشترکہ کوششوں سے بدعنوانی کے خاتمے  کرپشن فری پاکستان کے خواب کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

مزیدخبریں