گوجرانوالہ +قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ خصوصی +نامہ نگار) پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے دوسرے مرحلے میں اربوں روپے کی مزید 1000 کنال اراضی واگزار کروا لی۔قلعہ دیدار سنگھ کے ارد گرد ٹاون مسمار کر دیئے،پولیس کی بھاری نفری موجود ڈپٹی کمشنر اور سی پی او گوجرانوالہ کا دورہ مزید کارروائی کی ہدایت،تفصیلات کے مطابق قلعہ دیدار سنگھ کے تین اطراف میں 1967 ء سے قابضین جو کروڑوں روپے کما کر رفو چکر ہو چکے ہیں۔اب موجودہ قابضین اربوں روپے کے نقصان سے دوچار ہو گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے عدالت کے حکم پر عمل کرتے ہوئے دوسرے مرحلے میں مزید ایک ہزار کنال اراضی واگزار کروا لی ہے۔ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف ، سی پی او گوجرانوالہ سرفراز احمد فلکی اور اے سی صدر ساریہ حیدر نے موقع کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معزز عدالت کے احکامات پر مکمل عمل کیا جائے گا اور ناجائز قابضین کے خلاف بلا تفریق آپریشن کیا جائے گا۔ تمام اراضی واگزار کروا لی جائے گی اور آئندہ کسی کو بھی قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے ،ضلعی انتظامیہ نے آج پھر سینکڑوں کنال اراضی جہاں گندم کی بیجی ہوئی تھی وہاں ہل چلا دیئے گئے ہیں۔یاد رہے کہ مذکورہ اراضی 1967 سے لے کر آج تک متعدد افراد کے ہاتھوں فروخت ہو چکی تھی۔موجودہ مالکان کا کہنا تھا کہ ہم نے کروڑوں روپے خرچ کر کے زمین خریدی تھی اگر مذکورہ اراضی صوبائی حکومت کی ملکیت تھی تو محکمہ مال کو فرد ملکیت جاری نہیں کرنی چاہیئے تھی۔محکمہ مال کی ملی بھگت سے ہم کنگال ہو گئے ہیں۔گورنمنٹ پنجاب ہمارے نقصان پر خصوصی توجہ دیں۔