بھارتی دہشگردی،مزید2کشمیری شہید:پاکستان کی شدید مذمت


اسلام آباد+سری نگر (خصوصی نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ + کے پی آئی)  بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں پلوامہ میں 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔ بدھ کے روز یاسر پرے اور فرقان احمد نامی نوجوانوں کو پلوامہ ضلع کے علاقے قصبہ یار میں بھارتی فوج نے  محاصرے اور تلاشی کی کارروائی  کے دوران گولی مار کر شہید کیا۔ پورے  علاقے کو  بھارتی فوج نے محاصرے میں لے رکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پولیس کے سربراہ وجے کمار نے الزام لگایا  مارے جانے والے  عسکریت پسند تھے ان کا تعلق جیش تنظیم سے تھا۔ جبکہ بھارتی فوج نے  مقبوضہ کشمیر میں نومبر2021 کے دوران تلاشی اور محاصرے کی  کارروائیوں میں 20 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ تلاشی اور محاصرے کی209  کارروائیوں کے دوران 66 شہریوں جن میں بیشتر نوجوان ، کارکن اور طلبا شامل تھے کو گرفتار کرلیا گیا۔ دوسری جانب  وادی میں گزشتہ15 سالوں کے دوران523  بھارتی فورسز اہلکاروں نے خود کشی کر لی ہے ۔ بدھ کے روز مقبوضہ کشمیر کے  ضلع رام بن میں ایک اور بھارتی فوجی نے گولی مار کر خودکشی کرلی۔ پاکستان نے زیرقبضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا نوجوانوں کو نام نہاد محاصرے میں شہید کیا گیا۔ بھارتی افواج کے ہاتھوں گزشتہ ایک ماہ میں 18 بے گناہ کشمیری شہید کئے گئے۔ بھارتی قابض افواج نے ظلم و جبر بڑھا دیا ہے۔ غیرقانونی گرفتاریاں اور حریت رہنماؤں کی نظربندی جاری ہے۔ زیرقبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی صورتحال عالمی برادری کیلئے تشویشناک ہے۔

ای پیپر دی نیشن