لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے کروانے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ لوکل باڈیز ایکٹ میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر انتخابات کی شق شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے منظوری دی۔ الیکشن کمشن نے پنجاب حکومت سے نیا ترمیمی بلدیاتی مسودہ طلب کرلیا۔ ترجمان الیکشن کمشن نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب حکومت سات روز میں بلدیاتی ترمیمی مسودہ جمع کرائے۔ ورنہ شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ نئے ترمیمی مسودے کے مطابق نئی حلقہ بندیاں قائم کرنی ہیں۔ بلدیاتی مسودہ جمع نہ کرایا گیا تو پرانی حلقہ بندیوں پر الیکشن ہوں گے۔ بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کے حوالے سے الیکشن کمشن حکام نے اپنے موقف میں کہا ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔ کمیٹیوں کو رپورٹ مرتب کرنے کیلئے ٹائم فریم بھی مقرر کر دیا ہے۔ کمیٹیوں کی سفارشات کی روشنی میں کمشن حکومت کو آگا کرے گا۔ صوبائی الیکشن کمشن حکام نے کہا کہ ووٹنگ مشین پر الیکشن کرانے کا معاملہ پالیسی امور میں آتا ہے۔ پالیسی امور الیکشن کمشن آف پاکستان طے کرتا ہے۔