سندھ:اندھیرنگری چوپٹ راج ،دنیا میں مہنگائی کا 50سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا:فرخ حبیب

Dec 02, 2021


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +اے پی پی، نیٹ نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہم نے ٹیکس کم کر کے عوام پر زیادہ بوجھ نہیں پڑنے دیا، پٹرولیم لیوی پوری لگ جاتی تو فی لٹر قیمتیں 170 روپے سے بھی اوپر ہوتیں۔ اسلام آباد میں ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا ہے کہ ہم نے پٹرولیم لیوی پر 400 ارب کے ٹیکسوں کو کم وصول کیا۔ عالمی سطح پر مہنگائی کا ایک طوفان آیا ہے اس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا۔ دنیا میں 50 سالہ مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ فرٹیلائزر کی ذخیرہ اندوزی سندھ میں ہورہی ہے، سندھ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، وہاں پر اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، سائیں سرکار کیوں سندھ کے کسان کی دشمن بنی ہوئی ہے، سندھ کے کسانوں کو پانی نہیں ملتا تو ملبہ ہم پرڈال دیتے ہیں۔ پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 347 مقدمات دائر کیے گئے ہیں، اور 244 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ جرمنی، چین، فرانس، امریکہ میں بھی مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹے، کرونا کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ اس وقت1970کے بعد پوری دنیا میں مہنگائی ہے۔ لاہور میں چینی 90 روپے کلو جبکہ کراچی میں اب بھی 100روپے ہے، آٹے کی قیمتوں میں بھی استحکام آگیا ہے، دال مونگ کی قیمت نیچے جبکہ دال مسورکی قیمت اوپرگئی ہے، باہر سے آنے والی چیزوں میں مہنگائی ہوئی، ٹرانسپورٹ، ہاؤسنگ، واٹر، الیکٹرک سٹی میں سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، کھانے پینے کی اشیا میں صرف 8 فیصد مہنگائی ہوئی، یہ دلیل ہے کہ ہم بہت اچھا چل رہے ہیں۔ ٹویٹ کرتے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نومبر میں ٹیکس وصولیوں میں 35فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا۔ پاکستان میں معاشی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور  نومبر 2021  میں ٹیکس وصولیوں میں 470 ارب روپے  کے ساتھ گزشتہ سال کی ٹیکس وصولی کے مقابلے میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔کرونا وائرس کی وبا کے باوجودکاروبار صحیح چل رہے ہیں۔

مزیدخبریں