اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ، معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں: پرویزالٰہی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے ڈپٹی نیشنل فنانس چیئر ڈیموکریٹک پارٹی امریکہ طاہر جاوید نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ اوورسیز پاکستانی شاہد جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور خطے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی ملک کیلئے خدمات کے اعتراف میں ووٹ کا حق دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیشن تارکین وطن کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تارکین وطن کی پاکستان میں جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے۔ طاہر جاوید نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کی تاریخ کئی دہائیوں پر مشتمل ہے جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر آ رہی ہے، امریکی حکومت اب پاکستان کی بات سمجھنے لگی ہے، جو بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ پاکستان کے سفارتی محاذ پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن