منہ کھر ویکسین کی تیاری اورایکسپورٹ کے مواقع موجود ہیں، حسنین بہادر دریشک

لاہور (کامرس رپورٹر) منہ کھر ویکسین کی پاکستان میں تیاری اورخطے کے دیگر ممالک تک ایکسپورٹ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ یہ بات وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے ارجنٹائن کے سفارتی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ارجنٹائن کے وفد جس کی صدارت لیوپولڈوفرانسکو ساہورز نے کی نے صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک سے خصوصی ملاقات کی جس کا مقصد دونوںملکوں کے مابین شعبہ لائیوسٹاک میں ممکنہ تعاون کو فروغ دینا تھا۔ ملاقات کے دوران وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک کا کہنا تھا کہ ڈیری پراسیسنگ، ڈیزیز فری زونز اور ویٹرنری ایجوکیشن کے شعبہ جات میں تکنیکی تعاون کے خواہاں ہیںجس کے لیے ہر ممکن اقدامات اْٹھائے جانے چاہئیں۔ ملاقات کے دوران ارجنٹائن کے سفیر نے پنجاب کے لائیوسٹاک پوٹینشل پرخوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور شعبہ لائیوسٹاک میں باہمی تعاون کی پیش کش کی۔ ارجنٹائن سفیر لیوپولڈو کا کہنا تھا کہ تکنیکی معاونت کے لیے موجود مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر پر وفود کی سطح پر تعاون ناگزیر ہے جس سے لائیوسٹاک کے شعبہ میں ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔ ملاقات کے اختتام پر صوبائی وزیر نے ارجنٹائن کے سفیر کا شکریہ اد اکیا اور یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ 

ای پیپر دی نیشن