کوئٹہ، کراچی کے درمیان چلنے والی بولان میل ٹرین دو سال بعددوبارہ بحال

Dec 02, 2021

کوئٹہ (اے پی پی) کوئٹہ، کراچی کے درمیان چلنے والی بولان میل ٹرین تقریباً دو سال کے بعددوبارہ بحال کردی گئی۔ اس سلسلے میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خصوصی تقریب کا انعقادکیا گیاجس میںسینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین محمدقاسم رونجو اور ممبر قومی اسمبلی منورہ منیر بلوچ نے بولان میل ٹرین کا کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے افتتاح کیا۔تقریب میں ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم سوری،سینیٹررانا محمود الحسن ،ایم پی اے باری بڑیچ نے شرکت کی اور ریلوے کی جانب سے ایڈیشنل جنرل منیجر ارشداسلام خٹک،ڈی جی پراپرٹی اینڈ لینڈحفیظ اللہ خان،ڈی ایس کوئٹہ ریلوے علی محمد آفریدی اور ایس پی ریلوے وزیر خان سمیت دیگر افسران موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین محمد قاسم رونجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بند ٹرینوں کا چلنابہت ضروری ہے۔ سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر ریلوے محفوظ سفر ہے مزید ریل گاڑیوں کو جلد چلایا جائے گا۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جو بھی وعدے کئے وہ پورے کئے ہیں۔ کوئٹہ میرا شہر ہے۔ کوئٹہ سے بوالان میل کی دوبارہ سے بحالی خوش آئند ہے۔ 

مزیدخبریں