اسٹاک مارکیٹ تیز سرمایہ کاری 30ارب سے زائد بڑھ گئی 

Dec 02, 2021

کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو تیزی کا رجحان رہا او ر کے ایس ای100انڈیکس 200پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 45ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر45300پوائنٹس پر جا پہنچا ،کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 30ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم ساڑھے77کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ62.01فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے آغاز سے ہی تیزی دیکھی گئی ،مقامی سرمایہ کاروں اور بروکریج ہائوسز کی فوڈز ،پراپرٹیز ،ٹیلی کام ،سیمنٹ سمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 45400پوائنٹس کی حد بھی عبو ر کرگیا تھا تاہم تکنیکی کریکشن کے سبب انڈیکس اس سطح پر مستحکم نہ رہ سکا مگر مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہی ہوا ۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کے ایس ای 100انڈیکس میں296.76پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس45072.38پوائنٹس سے بڑھ کر 45369.14 پوائنٹس ہو گیا۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں30ارب48کروڑ 48لاکھ42ہزار250روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 77 کھرب 20 ارب 41 کروڑ 37 لاکھ 44 ہزار 825 روپے سے بڑھ کر77 کھرب 50 ارب 89 کروڑ 85 لاکھ 87 ہزار 75 روپے ہو گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو مجموعی طور پر337کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے209کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،108میں کمی اور20کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔

مزیدخبریں