کراچی (اسپورٹس رپورٹر)بہاولپور ڈس ایبلڈ نے آئی سی آر سی پریذنٹس ایس اے ایف ساتویں نیشنل ڈس ایبلڈ ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ کے دوسرے سیمی فائنل میں مضبوط حریف کراچی ڈس ایبلڈ کو آسان اور یکطرفہ مقابلے کے بعد آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ اسلام آباد ڈس ایبلڈ سے جمعہ کو ہوگا ۔پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر انتظام جاری نیشنل چیمپئن شپ میںبدھ کو کے سی سی اے کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں کراچی ڈس ایبلڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر113رنز بنائے ،اس کی جانب سے محمد طاہر 48گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے58رنز بناکر ٹاپ اسکور رہے جبکہ ہارون رشید نے16رنز بنائے ۔بہاولپور ڈس ایبلڈ کی جانب سے کاشف عباس نے14جبکہ محمد نعمان اور عبدالخالق نے 24-24رنز کے عوض دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔وقفہ کے دوران جے ڈی سی کے ظفر عباس سے دونوں ٹیموں کا تعارف بھی کروایا گیا جبکہ انہوں نے کچھ دیر میچ بھی دیکھا ۔جواب میں بہاولپور ڈس ایبلڈ نے 16.5اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے فائنل میں رسائی کو یقینی بنایا ،اس کی جانب سے محمد نعمان نے 31گیندوں پرتین چوکوں اور ایک چھکے کی مددسے 34رنز بنائے جبکہ کپتان محمد شہزاد نے 27،محمد آصف نے 22اور عابد جان نے21رنز اسکور کئے۔کراچی ڈس ایبلڈ کی جانب سے ہارون رشید نے ایک وکٹ حاصل کی ۔آئی سی آر سی کے ہیڈ آف کمیونیکیشن اعزاز الرحمان نے شاندارا ٓل رائونڈ کارکردگی پر بہاولپور ڈس ایبلڈ کے محمد نعمان کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا،یہ محمد نعمان کا مسلسل چوتھا مین آف دی میچ تھا وہ نیشنل چیمپئن شپ کے لیگ مرحلے کے دونوں میچوں کے بعد کوارٹر فائنل میں بھی مین آف دی میچ رہے تھے،ا س موقع پر محمد نعمان کے لئے پانچ ہزار روپے کے خصوصی کیش انعام کا بھی اعلان کیا گیا ۔بہاولپور ڈس ایبلڈ کا مقابلہ فائنل میں اسلام آباد ڈس ایبلڈ سے ہوگا ۔واضح رہے کہ ساتویں نیشنل ڈس ایبلڈ ٹی20کرکٹ چیمپئن شپ کا فائنل ورلڈ ڈس ایبلڈ ڈے کے موقع پر تین دسمبر کو معین خان کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ کراچی میں شیڈول کیا گیا ہے ۔