اسلام آباد(نا مہ نگار)لاپتہ افراد کیلئے قائم قومی کمیشن نے نومبر 2021میں مختلف مقدمات نمٹانے سے متعلق پیشرفت رپورٹ جاری کر دی ہے ، رپورٹ کے مطابق کمیشن کو ملک بھر سے مارچ 2011سے 30نومبر 2021تک مبینہ طور پر لاپتہ افراد کے 8279کیسزموصول ہوئے ہیں ، ان کیسز میں سے کمیشن نے 6047کیسز نمٹا دیئے ہیں جن میں نومبر 2021کے دوران نمٹائے گئے 123کیسز بھی شامل ہیں ۔ چیئرمین کمیشن جسٹس(ر)جاوید اقبال کی صدارت میں لاہور میں سماعتیں کی گئیں جس کے نتیجے میں پنجاب سے متعلق 7کیسز نمٹائے گئے ، کمیشن کے ہیڈ آفس اسلام آباد اور سب آفس کراچی میں معمول کے مطابق سماعتیں کی گئیں۔ کمیشن نے لاپتہ افراد کی باضابطہ جامع فہرست کے علاوہ سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کی جانب سے صوبہ بلوچستان سے متعلق لاپتہ افراد کی ایک پرانی فہرست جمع کروائی گئی ، تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد یہ معلوم ہوا کہ اکثر کیسز میں لاپتہ افراد سے متعلق معلومات /دستاویزات ناکافی ہیں جو کہ لاپتہ فرد کی تلاش کے لئے بہت ضروری ہیں تاہم کمیشن نے ان مقدمات کے تناظر میں متعلقہ فریقوں سے رپورٹس طلب کر لی ہیں جس میں ان کا نام، والدین، لاپتہ ہونے والے علاقے ،تحصیل سے متعلق معلومات طلب کی گئیں ۔اس تناظر میں ڈپٹی کمشنر ضلع کیچ ، آواران اور پنجگور نے اپنا جواب بھیجا اور بعض لاپتہ افراد کی اپنے گھروں کو واپسی کی تصدیق سے متعلق کمیشن کو سرٹیفکیٹ بھیجے ۔اس طرح 748لاپتہ افراد کے اپنے گھروں کو واپس آنے کی اطلاعات ہیں ۔ بلوچستان کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے لاپتہ افراد کا معاملہ بھی کمیشن نے وزارت داخلہ بلوچستان اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ ا ٹھایا ہے ۔
رپورٹ جاری
لاپتہ افراد کمیشن‘نومبرمیں مختلف مقدمات نمٹانے سے متعلق پیشرفت رپورٹ جاری
Dec 02, 2021