اومیکرون کے پھیلاو کو روکنے کا واحد حل ویکسی نیشن ہے،این سی اوسی

 صوبے ویکسینیشن کا عمل تیز کریں، آکسیجن پلانٹس کی تنصیب کے لیے دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، این سی او سی 

 این سی او سی نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلا وکو روکنے کا واحد حل ویکسینیشن ہے، صوبے ویکسینیشن کا عمل تیز کریں، آکسیجن پلانٹس کی تنصیب کے لیے دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق این سی او سی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں وبائی امراض کے چارٹ کے اعدادوشمار کا جائزہ، قومی ویکسین کی حکمت عملی اور عمل سمیت ملک بھر میں بیماری کے پھیلاو پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ای سی او سی کے مطابق فورم کو کوویڈ کے مثبت کیسز کی شرح، بیماری کے پھیلاو، اموات کی تعداد اور نئے داخلوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا، جب کہ فورم نے ملک بھر میں شہر وائز کوویڈ ویکسینیشن کے پراسز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اور لازمی ویکسینیشن نظام کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ این سی او سی کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ضلعی سطح پر ویکسینیشن کے اہداف کا بھی جائزہ لیا گیا، اور فورم نے ویکسین کی کل تعداد، خریداری پر بھی گفتگو کی۔ ویکسینیشن کے حوالے سے سخت اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے این سی او سی نے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کے مقررہ اہداف حاصل کرنے کےلیے کوشش کررہے ہیں، صوبے دنیا بھر میں اومیکرون ویریئنٹ کے بڑھتے خدشہ کے پیش نظر ویکسینیشن کے عمل کو تیز کریں، کیونکہ نئے کوویڈ ویرینٹ کے پھیلاو کو روکنے کا واحد طریقہ ویکسینیشن ہے۔ اجلاس میں ضلعی سطح پر ویکسی نیشن کے اہداف کا جائزہ لیا گیا، اور این سی او سی کو کورونا مثبت کیسز کی شرح، اموات کی تعداد اور نئے مریضوں پربریفنگ دی گئی، این سی اوسی نے ملک کے مختلف حصوں میں آکسجین پلانٹس نصب کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ آکسیجن پلانٹس کی تنصیب کے لیے دور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے، فورم نے ملک بھر میں آکسیجن کی پروڈکشن اور تقسیم کے عمل کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 
 

ای پیپر دی نیشن