امریکا کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کا میزائل اور ہتھیاروں سے متعلق پروگرام علاقائی سلامتی کو عدم استحکام کا شکار کر رہا ہے۔امریکی وزیر دفاع گزشتہ روز جنوبی کوریا کے دورے پر سیول پہنچے ہیں جہاں انہوں نے جنوبی کوریا کے ہم منصب سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ سفارتکاری کے راستے تلاش کرنا بہترین اپروچ ہے، چین کی جانب سے جولائی میں کئے گئے ہائپرسونک ٹیسٹ نے امریکی فوج کے لیے ایک مشکل چیلنج بنا دیا ہے۔اس موقع پر جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک نے امریکی سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے مشترکہ دفاعی پوزیشن برقرار رکھنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور جنوبی کوریا نے ملٹری آپریشنل کنٹرول ٹرانسفر کے حوالے سے خاطر خواہ پیش رفت کی ہے، 2022 میں نئی ملٹری کمبائنڈ فورس کمانڈ کا جائزہ لیں گے۔