اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی دارالحکومت میں نابالغ ملزمان کے کیسز کی سماعت اور فوری انصاف کیلئے قائم جوائنل جسٹس کمیٹی نے پہلا فیصلہ جاری کردیا۔ جوڈیشنل مجسٹریٹ عمر شبیر کی سربراہی میں عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر نسیم ضیاء اور پروبیشن آفیسر ڈاکٹر ثانیہ حمید رانا پر مشتمل کمیٹی نے راضی نامہ ہوجانے پر ملزم محمد شہباز کے خلاف کیس نمٹا دیا۔ دوران سماعت مدعی مقدمہ سید تنظیم شاہ کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے اور بیان ریکارڈ کرایا کہ اگر ملزم کی جانب سے تحریری معافی مانگ لی جاتی ہے تو کیس ختم کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ مدعی مقدمہ کے بیان پر عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے کم عمر ملزم محمد شہباز کو تحریری معافی نامہ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔