لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریک جوش و جذبے کیساتھ جاری رہے گی۔ چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں سپیشل بچوں کیلئے منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے حوالے سے عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے صوبے کی بہتری کیلئے ہوگا۔ سپیشل بچے معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔ سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ سپیشل بچے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ خصوصی بچے ہمارا بوجھ نہیں بلکہ اثاثہ ہیں۔ خصوصی بچے معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ عمر سرفراز چیمہ نے کمپلیکس میں قائم کردہ سٹالز کا دورہ کیا۔ بچوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور انکے ساتھ تصاویر بنوائیں۔