ڈی آئی خان ‘ پشاور (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) جنوبی وزیرستان میں آرمی پبلک سکول کے قریب فورسز پر حملے میں ایک شہری جاں بحق جبکہ ایف سی اہلکار زخمی ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اعظم وارسک آرمی پبلک سکول میں یوم والدین کی مناسبت سے تقریب تھی جس میں اعلیٰ افسر بھی شریک تھے۔ بعدازاں سکول سے نکلنے والے قافلے پر فائرنگ کر دی گئی۔ حملے میں ایف سی کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے فوری بعد سکول کے بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ فائرنگ سے ایک شہری مستا خان جاں بحق اور ایف سی اہلکار زخمی ہوا ہے۔ جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ادھر تھانہ تنگی کی حدود چارسدہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ پولیس کے مطابق اہلکار زرمست خان ڈیوٹی سے واپس گھر جا رہا تھا کہ راستے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ مقتول پولیس اہلکار ایکسائز دفتر کے نائٹ شفٹ میں ڈیوٹی پر مامور تھا۔ پولیس نے سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ نعش پوسٹ مارٹم کیلئے تنگی ہسپتال منتقل کر دی گئی۔