پنجاب حکومت کی ایڈز کیخلاف حکمت عملی جامع،ادویات اور ٹیسٹ مفت ہیں: پر ویز الہیٰ


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ایڈز جیسے مہلک مرض سے بچاو¿ کیلئے احتیاط بے حد ضروری ہے۔ صحت مند زندگی کے اصولوں کو اپنا کر ایڈز سے محفوظ رہا جا سکتا ہے اور احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ایچ آئی وی (ایڈز) سے بچاو¿ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایڈز کی روک تھام کیلئے حکومت کے ساتھ سول سوسائٹی اور سماجی تنظیموں کو موثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کیساتھ سوشل میڈیا پر بھی آگاہی مہم چلانا وقت کا تقاضا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایڈز سے بچاو¿ کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کی ہے اور ایڈز کے حوالے سے مفت مشاورت، تشخیص اور علاج کے لیے مراکز کام کر رہے ہیں۔ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت میسر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز میں مبتلا لوگوں کو حقارت کی نگاہ سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ محکمے ایچ آئی وی کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے فیصل آباد کے علاقے کھرڑیانوالہ میں خاتون سے ناروا سلوک کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جبکہ وزیراعلیٰ نے گجرات میں خاتون کو آگ لگانے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے یزمان میں وین کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
پرویز الٰہی

ای پیپر دی نیشن