کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سابق صدر اور سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، سابق صدر اور چیف کوآرڈینیٹر سلیم پاریکھ، سابق صدر جاوید بلوانی، صدر ریاض الدین اور سائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کاٹی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کے اچانک انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سائٹ کے رہنماؤں نے کہا کہ ایس ایم منیر کے انتقال سے کاروباری سیاست میں خلا پیدا ہوگیا ہے۔وہ ایک اچھے انسان تھے اور ان کی خدمات کا اعتراف صدر پاکستان نے بھی کیا جنہوں نے انسانیت کے لیے ان کی شاندار عوامی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارہ ایثار اور ستارہ امتیاز سے نوازا۔زبیر موتی والا نے کہا کہ کچھ دن پہلے ایس ایم منیر مرحوم ان کی ٹی ڈی اے پی کے سی ای او کے طور پر تقرری پر ان سے ملنے اور مبارکباد دینے آئے تھے۔سائٹ کے رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ عزوجل مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔دوسری جانب پولانی گروپ کے چیئرمین محمد یحییٰ پولانی نے معروف صنعتکار اوریونائیٹڈ بزنس مین گروپ(یو بی جی) کے سرپرست علیٰ ایس ایم منیر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تاجر برادری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر اْن کے دیرینہ ساتھی اور تاجر برادری کا ایک مضبوط ستون تھے جن کی کمی کبھی بھی پوری نہیں کی جاسکے گی۔محمد یحییٰ پولانی نے ایس ایم منیر کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پولانی گروپ ان کے غم میں برابرکا شریک ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ عزول مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
سائٹ رہنماؤں اور یحییٰ پولانی کا ایس ایم منیر کے انتقال پر اظہارِتعزیت
Dec 02, 2022