ایس ایم منیر نے ہمیشہ سرپرستی کی اور بچوں کی طرح خیال رکھا، سعید غنی

Dec 02, 2022


کراچی(نوائے وقت رپورٹ)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سر پرست اعلیٰ اور معروف تاجر رہنما ایس ایم منیر کو خراج عقیدت اور ایصال ثواب کے لیے کاٹی میں قران خوانی اور تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں خاص طور پر ان کے صاحبزادے ایس ایم تنویر، ایس ایم عرفان اور ایس ایم عمران نے شرکت کی جبکہ کاٹی کے سابق چیئرمین و صدور، یوبی جی کے عہدیداران، کراچی چیمبر اور ٹریڈایسوسی ایشنزکے عہدیداران ، بزنس کمیونٹی، سیاسی، سماجی، حکومتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی افسران، حکام اور معززین نے شرکت کی اور ایس ایم منیر بھائی جان سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر سندھ سعید غنی، ایس ایم منیر کے صاحبزادے ایس ایم تنویر، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی اقبال میمن، کاٹی کے صدر فراز الرحمان، کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا، سینیٹر عبدالحسیب خان، کاٹی کی سینئر نائب صدر نگہت اعوان، نائب صدرمسلم محمدی،صدر یو بی جی زبیر طفیل، خالد تواب، سی ای ٹڈاپ زبیر موتی والا، آل کراچی انڈسٹریل آلائنس کے صدر میاں زاہد حسین، جاوید بلوانی، صدر کراچی چیمبر طارق یوسف،سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی، سابق سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی حنیف گوہر، چیئرمین آباد الطاف طائی،شمیم فرپو،سلیم پاریکھ،جوہرعلی قندھاری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم منیر سے 26 سال پرانا تعلق تھا، میرے ایم سی بی بینک میں دوران ملازمت انتظامیہ سے اختلافات ہوگئے تاہم ایس ایم منیر بینک کے سربراہ ہونے کے باوجود بھی مجھ سے شفقت سے پیش آتے تھے، مرحو م نے ہمیشہ سرپرستی کی اور بچوں کی طرح خیال رکھا، ان کے انتقال کا سن کر بہت افسوس ہوا۔ایس ایم منیرمرحوم  کے صاحبزادے ایس ایم تنویر نے کہا کہ کورنگی ٹریڈ ایسو سی ایشن، یونائیٹڈ بزنس گروپ ان کی جان تھی، انہوں نے اپنی زندگی بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے وقف کردی تھی۔ ان کیلئے بزنس کمیونٹی ان کی فیملی کی طرح تھی۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کو وہ ہمیشہ ترجیح دیتے تھے اور کوئی بھی مسئلہ ہو تو اسے حل کرنے میں پیش پیش رہتے تھے۔ وہ نہ صرف ایک کامیاب انسان، بہترین بزنس مین بلکہ ایک گریٹ فادر بھی تھے۔ انہوں نے ہماری تربیت میں ہمیشہ دوسروں کی مدد کرنا سکھایا، انہیں دکھی انسانیت کی فکر تھی۔ میں اپنے بچوں کو ہمیشہ کہتا تھا کہ وہ اپنی ذات میں ایک انسٹیٹیوشن ہیں ان سے کچھ سیکھیں۔ ان کی بزنس کمیونٹی سے محبت کا عالم یہ تھا کہ انتقال سے چند گھنٹے قبل بھی کاٹی میں بزنس کمیونٹی کے درمیان موجود تھے۔  ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ آج جس تعداد میں لوگ ایس ایم منیر سے اپنی محبت کا اظہار کرنے اور ان کے سوگ میں جمع ہوئے ہیں اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کتنی عظیم شخصیت تھے۔ ہمیں ان کے مشن کو جاری رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ کراچی میں مدفن ہوئے۔ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ میرا ایس ایم منیر سے بہت گہرا تعلق تھا،  ہم لوگ انہیں والد کی عزت دیتے تھے ان کے انتقال کی خبر سن پر محسوس ہوا جیسے والد کا انتقال ہوگیا ہو۔ صدر کاٹی فراز الرحمان نے کہا کہ ایس ایم منیر انتہائی شفیق انسان تھے، ان جیسی صلاحیتوں کے حامل لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ ہماری اصلاح کی اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کیلئے دن رات وقف کیا۔ چاہیے بیماری ہو یا تکلیف وہ ہر حال میں اپنی ذات سے زیادہ لوگوں کی خدمت کو ترجیح دیتے تھے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ ایس ایم منیر بھائی جان کے انتقال سے جو خلاء پیداہوا ہے وہ شاید کبھی پر نہ ہوسکے۔ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا نے کہا کہ ایس ایم منیر سے بہت پرانا تعلق ہے، انہوں نے ہمیشہ ایک شفیق باپ کی طرح رہنمائی کی۔ آخری ملاقات میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کا لاہور میں دل نہیں لگتا۔ ایس ایم منیر کو کراچی، کاٹی، یہاں کے لوگوں اور بزنس کمیونٹی سے محبت تھی۔ وہ چاہ کر بھی خود کو کراچی سے دور نہ رکھ سکے۔ اہل خانہ کیاسرار پر لاہور تو چلے گئے مگر کچھ دن قیام کے بعد کراچی واپس اپنے دیرینہ ساتھوں کے درمیان آجاتے۔ بزنس کمیونٹی بھی ایس ایم منیر کے بغیر ادھوری ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں والد کا انتقال ہوا تو ایس ایم منیر نے بہت ہمت بندھائی، اب ان کے انتقال کے بعد محسوس ہوتا ہے دوبارہ یتیم ہوگیا۔ زبیر چھایا نے کہا کہ ایس ایم منیر کی یاد میں کاٹی کی عمارت کو اعوان ایس ایم منیر کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے۔ سینیٹر عبد الحسیب خان نے کہا کہ منیر بھائی جان سے 40 سال پرانی رفاقت تھی، وہ ایک حب الوطن انسان تھے اور ہمیشہ کہتے تھے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ آج یہاں موجود تمام بزنس لیڈر منیر بھائی جان کے بنائے ہوئے ہیں، وہ واقعی ایک کنگ میکر تھے۔ ٹڈاپ کے سی ای او زبیر موتی والا نے کہا کہ ایس ایم منیر بھائی جان کے چاہنے والے آج افسردہ ہیں، وہ چیمبر میں ہمارے مخالف گروپ میں ہوتے تھے لیکن پھر بھی اچھے تعلقات رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر پیدائشی لیڈر تھے، ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ یو بی جی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ ایس ایم منیر اور ان کے خاندان نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت کی، انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ لوگوں کے مسائل حل کرنے میں گزارے۔ ایس ایم منیر بھائی جان کے انتقال سے ہزاروں افراد جو ان کی زیر کفالت تھے یتیم ہوگئے۔ 

مزیدخبریں