کاروباری اداروں میں برآمدات کو 50ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق 


لاہور (کامرس رپورٹر )سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز اتھارٹی اور آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں میں 1000 سلائی یونٹ قائم کرکے سلائی انقلاب کے ذریعے برآمدات کو 50ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا ہاشم رضااور اپٹما کے چیئرمین حامد زمان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس مفاہمت پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میںوائس چیئرمین اسد شفیع ،سینئر ممبران اسماعیل فرید، محمد علی، شمس الٰہی ،رضا باقرسمیت دیگر بھی موجود تھے۔سی ای او سمیڈا ہاشم رضا نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی ملک کی اقتصادی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔ایس ایم ای سیکٹر کو کسی بھی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے،اس شعبے پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ، اس شعبے میں جی ڈی پی کی نمو کو بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز میںکام کرنے والی تقریباً5.2 ملین لیبر فورس جی ڈی پی میں تقریباً 40 فیصد اور برآمدات میں 25 فیصد حصہ ڈال رہے ہیں۔انہوںنے اپٹما کی جانب سے دھاگے اور فیبرک کو 3ارب ڈالر سے زیادہ کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات گارمنٹس اور ہوم میڈ میں تبدیل کرنے کی تجویز کو سراہا اورکہا کہ اس سے نہ صرف ملک کو مزید زرمبادلہ حاصل ہوگا بلکہ لاکھوں خواتین اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔اس موقع پر سمیڈا اور اپٹما کی ایک مشترکہ تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جو اس تجویز اور آئیڈیا کا تفصیل سے جائزہ لے گی جس میں ماڈل کی تیاری، فزیبلٹیز، صلاحیت سازی، فنڈنگ کے اختیارات، ذیلی منصوبوں کی ضروریات اور دیگر متعلقہ امور کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کی تکنیکی رپورٹ کی روشنی میں سمیڈا اور اپٹما کی قیادت اس پر مزید پیشرفت کر ے گی۔اپٹما نارتھ زون کے چیئرمین حامد زمان نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کے پاس گارمنٹس اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرنے کے لیے 3 ارب ڈالر مالیت کے اضافی یارن اور فیبرکس دستیاب ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...