ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک نے 15 ملین ڈالر ایکویٹی سرمایہ کاری حاصل کر لی 


لاہور ( کامرس رپورٹر ) پاکستان کے معروف ڈیجیٹل  پیمنٹ  پلیٹ فارم ایزی پیسہ کے آپریٹر ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک نے شیئر ہولڈرز ٹیلی نار گروپ اور اے این ٹی گروپ سے  15  ملین ڈالرکی ایکویٹی سرمایہ کاری حاصل کی ہے۔ یہ 30 ملین امریکی ڈالر کی کل سرمایہ کاری کی پہلی قسط ہے جو  شیئر ہولڈرز کی طرف سے نئے  کاروباری منصوبے کو آگے بڑھانے کیلئے کی گئی ہے۔یہ قسط  2018  سے شیئر ہولڈرز کی طرف سے سرمایہ کاری میں کْل ایکویٹی کو  305  ملین ڈالر تک لی گئی ہے۔ اس سرمایہ کاری نے بینک کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے اور بینک کو پاکستان کے ڈیجیٹل فنانس اسپیس میں مزید ترقی کرنے کا موقع فراہم کیاہے۔ٹیلی نار گروپ اور اے این ٹی گروپ کی سینئر مینجمنٹ نے چند ہفتے قبل ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کی قیادت سے ملاقات کے لیے پاکستان کا دورہ کیا اور بینک کے مستقبل کے کاروباری منصوبوں کے بارے میں  اپنی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔مالیاتی طور پر جامع اور کیش لیس سوسائٹی بنانے کے اپنے مشن کے عین مطابق ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک پاکستان کا پہلا بینک ہے جس نے کامیابی کے ساتھ ڈیجیٹل فرسٹ ماڈل متعارف کرایا ہے۔ 11 ملین سے زیادہ ماہانہ فعال صارفین کے ساتھ، پلیٹ فارم اپنی پیشکشوں کومنفردبنا رہا ہے اور صارفین کو ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی کے قابل بنا رہا ہے جس میں، ڈیجیٹل ادائیگیاں،، ڈیجیٹل سیونگ اور ڈیجیٹل قرضے شامل ہیں۔ محمد مدثر عاقل،سی ای او،ایزی پیسہ /ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک نے کہا  ''  ہم اپنے شیئر ہولڈرز کے مسلسل اعتماد کے لیے ان کے شکر گزار ہیں۔ ٹیلی نار گروپ اور اے این ٹی گروپ کی  بینک  میں اب تک کی گئی      305  ملین ڈالر کی سرمایہ کاری شیئر ہولڈرز کے عزم کا ا ظہار کرتی ہے اور یہ  پاکستان کے بینکنگ سیکٹر کی تاریخ میں سب سے بڑی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) ہے۔ یہ ایکویٹی سرمایہ کاری ہمیں اپنی ڈیجیٹل فرسٹ حکمت عملی کو آگے بڑھانے اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو ہر پاکستانی تک پہنچا نے میں مدد گار ثابت ہوگی۔ 11 ملین سے زیادہ ماہانہ فعال اور بڑھتے ہوئے صارفین کیلئے  ملک کے سب سے بڑے ڈیجیٹل پیمنٹ پلیٹ فارم کے ساتھ ہم ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستان کو کیش لیس معاشرے میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
''پاکستان میں فن ٹیک انقلاب میں سرفہرست ایزی پیسہ /ٹیلی نار مائیکروفنانس بینک پاکستان بھر میں لاکھوں صارفین کو بہترین خدمات فراہم کر رہا ہے۔ بینک اپنے مالیاتی شمولیتی معاشرے کے عزم کے عین مطابق جدید ڈیجیٹل بینکنگ سلوشنز کے ایک مضبوط پورٹ فولیو کے ذریعے پاکستانیوں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کے لیے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

ای پیپر دی نیشن