لاہور ( کامرس رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر اجلاس منعقد ہوا جس میں صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں پر پیشرفت، نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام، کالونائزیشن، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ایکسپو سنٹر کا قیام اور دیگر امور کاجائزہ لیا گیا۔ سینئر وزیرنے صنعتی مراکز میں ترقیاتی کاموں میں سست روی اور اعلان کردہ نئی سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔سینئر وزیر اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبے سالوں فائلوں میں بند رہیں، یہ نہیں ہوگا۔انہوں نے انڈسٹریل اسٹیٹس میں جاری ترقیاتی کاموں بارے مکمل رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے تمام سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈ مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ معاشی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے جلد مکمل کئے جائیں۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں سمال انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ ایکسپو سنٹرز بنیں گے۔صوبائی وزراء شہاب الدین، غضنفر عباس چھینہ، سیکرٹری صنعت و تجارت سہیل اشرف،ایم ڈی پیسک،پیڈمک اور فیڈمک کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اب ترقیاتی منصوبے فائلوں میں بند نہیں رہیں گے ؛ اسلم اقبال
Dec 02, 2022