لاہور ( کامرس رپورٹر) چیئرپرسن ٹیوٹا مامون جعفر نے کہا کہ ملک کی ترقی کیلئے فنی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کررہے ،یہ پائلٹ پراجیکٹ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔وہ ٹیوٹا اور پاکستان ایسوسی ایشن آف پرنٹنگ اینڈ گرافک آرٹ انڈسٹری کے تعاون سے اسسٹنٹ آفسٹ پرنٹننگ کورس کے اجرا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا انعقاد گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی علامہ اقبال ٹاؤن میں کیا گیا۔ تقریب میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس کاشف انور، صدر پاپگئی سعد حلیم، سینئر ڈی جی اختر عباس بھروانہ نے شرکت کی۔ مامون جعفر تارڑ نے کہا کہ ہم اپنے کورسز کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ہم سب کو پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے اکٹھے ہونا پڑے گا اور اس کے لیے انڈسٹری اور ٹیوٹا کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ملک میں بہترین ورک فورس کے لیے ڈیمانڈ ڈریون کورسز کا اجرا کیا جارہا ہے جس سے ہر انڈسٹری کے لیے نوجوانوں کی ٹریننگ کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی 6 ماہ کے آف سیٹ پرنٹنگ کے کورس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ طلبا کو 10 ہزار ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ 25 پچوں کا پہلا بیچ ہوگا۔ یہ کورس گیم چینجر ثابت ہوگا۔ ہم مستقبل قریب میں ملکر مزید ایسے کورسز کا آ غاز کریں گے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ ہمیں ملک کی ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔ اس کورس سے نئی آنے والی مشینری کی سکلڈ لیبر دستیاب ہوگی۔ حکومت کو مشینری کی درآمد پر پابندی نہیں لگانی چاہے۔ ہمیں سٹیٹ آف آرٹ ٹریننگ دینی ہوگی۔ پاپگئی کے صدر سعد حلیم نے کہا کہ پرنٹنگ انڈسٹری پاکستان کی معیشت میں 8 ارب کی شراکتدار ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ٹکسٹائل سیکٹر کے بعد سب سے بڑی ورک فورس پرنٹنگ انڈسٹری کے پاس ہے جس میں 15 لاکھ سے زیادہ افراد منسلک ہیں۔
فنی تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں ،مامون جعفر
Dec 02, 2022